نئی دہلی، 20؍ اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی کی رہائش گاہ پر آج بھی ایک بڑی میٹنگ جاری ہے- انتخابی پالیسی ساز پرشانت کشور اب بھی کانگریس کے بڑے لیڈروں کے سامنے پریزنٹیشن دے رہے ہیں - پچھلے چار دنوں میں یہ تیسرا موقع ہے جب پرشانت کشور کانگریس صدر اور پارٹی کے سینئر لیڈروں کی موجودگی میں پریزنٹیشن دینے 10 جن پتھ پہنچے ہیں - گزشتہ روز بھی ملاقات 4 گھنٹے تک جاری رہی-
تفصیلات کے مطابق پرشانت کشور 2024ء میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے کانگریس کی پالیسیاں تیار کر رہے ہیں - پرشانت کشور پہلے ہی لوک سبھا انتخابات کے لیے پریزنٹیشن دے چکے ہیں -اب وہ کانگریس صدر سونیا گاندھی کے سامنے ریاست وار انتخابی حکمت عملی کے حوالے سے پریزنٹیشن دے رہے ہیں - آج کی میٹنگ میں سونیا گاندھی، پرشانت کشور، کمل ناتھ، دگ وجے سنگھ، مکل واسنک، کے سی وینوگوپال، امبیکا سونی موجود ہیں - آج کی میٹنگ میں مدھیہ پردیش پر بھی بات ہوگی- مدھیہ پردیش میں اگلے سال اسمبلی انتخابات ہوں گے - اس لیے اس میٹنگ میں کمل ناتھ بھی موجود تھے- اس سے پہلے 16 اپریل کو پرشانت کشور نے کانگریس صدر سونیا گاندھی اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈروں سے ملاقات کی تھی-
خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے بتایا کہ پرشانت کشور نے سونیا گاندھی کو مشورہ دیا ہے کہ کانگریس کو اتر پردیش، بہار اور اڈیشہ میں اپنے طور پر الیکشن لڑنا چاہئے، جب کہ تمل ناڈو، مغربی بنگال اور مہاراشٹرا میں اسے علاقائی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرنا چاہئے- ان کے اس مشورے پر راہل گاندھی نے اپنی رضامندی بھی ظاہر کردی ہے - ذرائع کے مطابق کانگریس کے پاس پرشانت کشور کی تجویز پر غور کرنے کے لیے 2 مئی تک کا وقت ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ملک کی سب سے قدیم پارٹی 2024ء کے لوک سبھا انتخابات میں 370 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے اور کچھ مخصوص سیٹوں پر ریاستیں، وہاں کی علاقائی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرے-